شعبہ اُردومیں عظیم الشان مشاعرے کاانعقاد

11 Nov 2022

جموں یونی ورسٹی میں سہ روزہ جشن اُردواختتام پذیر
نسل نوکی اُردوکے تئیں دلچسپی ا س زبان کے روشن مستقبل کی ضمانت:پرتپال سنگھ بیتابؔ
جموں //شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ سہ روزہ جشن ِ اُردوپُروقارمشاعرے کے ساتھ اختتام پذیرہوگیاہے۔اس موقعہ پرمشاعرے کی صدارت کے فرائض قدآورشاعرپرتپال سنگھ بیتاب ؔ نے کی۔اپنے صدارتی خطاب میں پرتپال سنگھ بیتابؔ نے کہاکہ نئی نسل کے اُردوزبان وادب کے تئیں دلچسپی اُردوزبان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہاکہ اُردوکے ساتھ میراتعلق 1975-76 کے زمانے سے جب جموں یونیورسٹی کاکیمپس کینال روڈپرہوتاتھااورمیں لاء کاطالب علم تھا۔اس وقت ہم اکثرڈاکٹرگیان چندجین،پروفیسرشام لال کالراالمعروف عابدپشاوری اورپروفیسرمنظراعظمی شعبہ اُردوکے پروفیسرہواکرتے تھے۔ان کی صحبت میں بیٹھنے سے میرارجحان اُردوکی طرف ہوا۔ڈاکٹرگیان چندجین سے لے کرآج تک شعبہ اُردوکی ترقی میں شانداررول اداکیاہے۔میں صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدکوتین روزہ جشن اُردوکے انعقادکیلئے مبارکبادپیش کرتاہوں۔آج کے مشاعرے میں اُردوکے معتبرشاعروں کے ساتھ ساتھ نوجوان شعراء نے بھی اپناکلام پیش کیا۔مجھے خوشی ہے کہ شعراء کرام نے بہت اچھاکلام پیش کیا۔شاعروں کواصلاح کی ضرورت ہے اس لیے نوجوان شعراء سے میں کہتاہوں کہ وہ کسی اُستادشاعرسے اصلاح ضرورلیاکریں تاکہ آپ کے کلام میں پختگی آئے۔پرتپال سنگھ بیتاب ؔ نے اپناپُرتاثیرشعری کلام پیش کرکے شرکاء کومحظوظ کیا۔مشاعرے میں جن شعراء کرام نے اپناکلام پیش کیااُن میں شام طالب، امین بانہالی، رمیش رازؔ، سُدھاانجم جین، حمیداللہ ماہر، اسلم شہزاد،فوزیہ مغل، عرفان عارف، نسیم اختر، وکیل احمدحیات، الطاف شیخ ایابؔ، راکیش طالبؔ،اشتیاق احمدعاجز،ممتازاحمدممتازؔ،منتظررسول شامل ہیں۔شعراء کرام نے شاندارشعری کلام پیش کرکے سامعین وناظرین سے خوب دادحاصل کی۔قبل ازیں پروگرام کاآغازصدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدکے استقبالیہ خطبہ سے ہوا۔انہوں نے شعراء کرام اوردیگرخواتین وحضرات کااستقبال کیااورتین روزہ جشن ِ اُردو(9 تا11 نومبر2022)کی سرگرمیوں مثلاً مقالہ نگاری، تقریری مقابلہ، ادبی کوئز، خطاطی،بیت بازی،غزل گوئی اورمشاعرہ شامل تھیں کے بارے میں جانکاری دی۔قبل ازیں غزل گوئی میں بھی شعراء کرام نے اپناکلام پیش کیا جن میں اتم سنگھ راہی، منیرالامراء، محمدباسط، آصف عبداللہ،ریحانہ اختراورجعفرتاپش کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔اس دوران نظامت کے فرائض جعفرتابشؔ نے انجام دیئے جبکہ اختتام پرشکریہ کے کلمات صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدنے پیش کیے۔تقریب میں شعبہ کے اساتذہ ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس، ڈاکٹرفرحت شمیم،ڈاکٹرعبدالقیوم،ڈاکٹررضامحمود، ڈاکٹراعجازاحمد، ڈاکٹرجاویداحمدشاہ کے علاوہ لطف الرحمن آزاد،طارق ابرارودیگران بھی موجودتھے۔