جموں //شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام پروفیسرگیان چندجین سیمی نارہال جموں یونیورسٹی میں یوم اُردوکے موقعہ پرتین روزہ جشن اُردوکااہتمام کیاگیا۔افتتاحی اجلاس کی صدارت معروف شاعروادیب ایازرسول نازکی،معروف پنجابی واُردوافسانہ نگاروساہتیہ اکادمی ایوارڈیافتہ ادیب خالدحسین اورپرنسپل انسٹی چیوٹ آف میوزک جموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک نے کی۔ایوان صدارت میں صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدبھی شامل تھے۔افتتاحی اجلاس کاخطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پروفیسرمحمدریاض احمدنے مہمانوں کااستقبال کیااور شرکاء کویوم اُردوکی مبارکبادپیش کی۔انہوں نے تین روزہ جشن اُردوکے اغراض ومقاصداوراس کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔پہلے اجلاس میں شعبہ اُردوکے ریسر چ اسکالرس نے ڈاکٹرعلامہ محمداقبال اورمولاناابوالکلام آزادکی حیات،شخصیت اورادبی خدمات سے متعلق مقالات پیش کیے۔مقالہ نگاروں میں آسیہ اختر،اسحاق احمد،مشتاق احمد،گلزاراحمد،رقیہ بانو،گرجہ دیوی،محمدحسیب اوررمن کمارشامل تھے۔ایازرسول نازکی نے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کوتین روزہ جشن اُردومنانے کیلئے مبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی تقریبات سے نوجوان نسل کوفائدہ پہنچتاہے۔انہوں نے کہاکہ اس جشن اُردوکے افتتاحی اجلاس میں شعبہ اُردوکے اسکالرس نے ہی ڈاکٹرعلامہ محمداقبال اورابوالکلام آزادکی خدمات پرمقالات پیش کئے مجھے اس جشن اُردوکایہ مثبت پہلوبہت اچھالگا۔یہاں پرجتنے بھی مقالات پیش کئے گئے بہت اچھے تھے چونکہ موضوعات بہت وسیع ہیں اس لیے تمام چیزوں پربحث نہیں ہوسکتی تھی تاہم اسکالرس نے موضوعات کے ساتھ بھرپورانصاف کرنے کی کوشش کی ہے۔خالدحسین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ شعبہ اُردوکی طرف سے اُردوکے قدآوردوادیبوں کی خدمات کواُجاگرکرنے کیلئے تین روزہ جشن اُردوکاانعقادخوش آئندبات ہے۔ ابتدائی اجلاس میں اسکالرس نے بہت اچھے مقالات پیش کیے۔شعبہ کے اپنے اسکالرس کوبھی مقالات پیش کرنے کایہاں پرموقعہ ملاجس سے ان کے اندرمقالہ نگاری کی صلاحیت پیداہوگی۔انہوں نے مزیدکہاکہ علامہ اقبال ایک آفاقی شاعرتھے اوران کی اُردوزبان وادب کے فروغ کیلئے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔انہوں نے کہاکہ ابوالکلام آزاداعلیٰ پایہ کے ادیب،سیاستدان اورملک کے پہلے وزیرتعلیم تھے۔انہوں نے ملک میں تعلیم کوفروغ دینے کیلئے شاندارخدمات انجام دی ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک پرنسپل انسٹی چیوٹ میوزک اینڈفائن آرٹس جموں یونیورسٹی نے یوم اُردوکی اہمیت کواُجاگرکیا اورشعبہ کی طرف سے نئی نسل کواُردوزبان وادب سے جوڑنے کیلئے کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ اس طرح کی تقریبات سے اُردوطلباء کوکافی زیادہ فائدہ پہنچتاہے۔پروفیسرمحمدریاض احمدصدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے مہمان شخصیات،طلباء واسکالرس کاجشن اُردوکے افتتاحی اجلاس کوکامیاب بنانے کیلئے شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ اُردوایک مشترکہ تہذیب وثقافت کی علمبردارزبان ہے۔انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کی موجودہ دورمیں اہمیت پربھی خیالات کااظہارکیا۔اس دوران پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹرچمن لال نے انجام دیئے۔تقریب میں شعبہ کے اساتذہ ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس، ڈاکٹرفرحت شمیم،ڈاکٹرعبدالقیوم،ڈاکٹررضامحمود، ڈاکٹراعجازاحمد، ڈاکٹرجاویداحمدشاہ کے علاوہ لطف الرحمن آزاد،طارق ابرارودیگران بھی موجودتھے۔