شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں یوم سرسیدکاانعقاد

17 Oct 2022

سرسیدنے جدیدعلوم وفنون کواپنانے کی ترغیب دی:پروفیسرمحمدریاض احمد
اساتذہ،طلباء واسکالرس نے سرسیداحمدخان کی خدمات کویادکیا
جموں //شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں یوم سرسیدکے موقعہ پرمقالہ نگاری،کوئزاورمباحثہ تقریب کااہتمام کیاگیاجس کی صدارت صدرشعبہ اُردوپروفیسرمحمدریاض احمدنے کی۔اس موقعہ پر طلباء واسکالرس نے سرسیداحمدخان کی حیات اورادبی کارناموں سے متعلق مقالات پیش کئے اورفکر ِ سرسیدکے بارے میں خیالات کااظہارکیا۔اس کے علاوہ کوئزاورمباحثے کابھی اہتمام کیاگیاجس میں طلباء نے اپنی علمی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا۔پروفیسرمحمدریاض احمدنے کہاکہ ہرسال 17 اکتوبرکواُردوزبان کے ناموردانشور،مفکراورادیب سرسیداحمدخان کا یوم پیدائش منایاجاتاہے اوراُن کی ادبی خدمات کواُجاگرکیاجاتاہے۔ سرسیداحمدخان نے علی گڑھ تحریک شروع کی اورسماج کے پسماندہ طبقوں بالخصوص مسلمانوں کی اصلاح کیلئے انہیں جدید علوم کی طرف راغب کیا۔ان کامانناتھاکہ جدیدعلوم سے ہی سماج میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے اورپسماندہ قوموں کواحساس کمتری سے نکالاجاسکتاہے۔ پروفیسرمحمدریاض احمدنے کہاکہ سرسیداحمدخان اُردوکے نامورادیب،محقق، دانشوراورمصلّح تھے اوران کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔سرسیداحمدخان نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی بنیادرکھی اورسماج میں علم وادب کے ذریعے انقلابی تبدیلیاں لائیں۔اس موقعہ پرمقالہ نگاری،کوئزاورمباحثے میں حصہ لینے والے طلبا واسکالرس میں ارم نوازخان، رزاق احمد، مہنازاختر، سنبیکہ شرما،افتاچودھری، ساجدعلی، باسط علی،نگینہ اختراورآسیہ کوثروغیرہ شامل تھے۔شعبہ کے اساتذہ نے طلباء واسکالرس کی کارکردگی کوسراہا اورانہیں مبارکبادپیش کی۔تقریب میں ڈاکٹرچمن لال، ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس، ڈاکٹرفرحت شمیم،ڈاکٹرعبدالقیوم، ڈاکٹراعجازاحمد اورڈاکٹررضامحمودنے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا۔