عمران پرتاپ گڑھی کوشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں اعزازسے نوازاگیا

19 Apr 2022

جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں ”ایک شاعرسے ملاقات “سلسلہ کے تحت ہندوستان کے مشہورومعروف اورخوبصورت لب ولہجہ کے مالک شاعرعمران پرتاپ گڑھی سے طلباءکوروبروکروایاگیا۔اس دوران صدر شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدنے استقبالیہ خطبے میں عمران پرتاپ گڑھی کاوالہانہ استقبال کیا۔انہوں نے کہاکہ عمران پرتاپ گڑھی صاحب شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں تشریف لائے اس کےلئے ہم ان کے مشکورہیں۔ عمران صاحب کوپوری دُنیابالخصوص برصغیرکے ہندی اُردوحلقوں میں وہ مقبولیت حاصل ہے جوچندہی شاعروں کومیسرہوئی ہے۔عمران پرتاپ گڑھی نے طلباءکواپنی شاعری سنانے کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف تجربات کے بارے میں بھی روشناس کروایا۔انہوں نے اپنی چندمشہورزمانہ نئی اورپرانی نظموں کواپنے مخصوص ترنم میں سنایاجس سے سامعین وناظرین پروجدکی سی کیفیت طاری ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ ظلم ،جبراورجمہوریت کی بقاءکی جنگ میں کردارنبھاناہرذی شعورشہری بالخصوص ادباءوشعراءکافرض ہے۔ پرتاپ گڑھی نے حب الوطنی ،پیار،محبت اورکشمیرکی تہذیب وتمدن کی عکاس نظمیں پڑھ کرسامعین کومحظوظ کیا۔اس موقعہ پرشعبہ اُردوکی طرف سے عمران پرتاپ گڑھی کوایک شال اورمومنٹوسے بھی نوازاگیااوران کی عزت افزائی کی گئی۔ اس موقعہ پر نظامت کے فرائض ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس نے انجام دیئے ۔ تقریب میں ڈاکٹرچمن لال ،ڈاکٹرفرحت شمیم،ڈاکٹراعجازحسین شاہ،ڈاکٹرعبدالقیوم ملک ،معروف شاعرتابش صاحب،ڈاکٹرنصیب علی، انکوش بھٹناگر،بلال رشید،پیارے ہتاش،این ایس یوآئی کارکنان اورشعبہ اُردوکے تدریسی وغیرتدریسی عملہ کے اراکین بھی موجودتھے۔