جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام اُردواورہندی کی نامورادیبہ وشاعرہ سُدھاجین انجم کی تین کتابوں کی رسم رونمائی اورشامِ غزل تقریب منعقدہوئی جس کی صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کے پروفیسرندیم احمد نے کی۔اس موقعہ پرنامورمحقق وادیب وسابق صدرشعبہ اُردوکشمیریونیورسٹی پروفیسرقدوس جاوید مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف صحافی سہیل کاظمی مہمان ذی وقارتھے۔اس دوران ایوان صدارت میں صدرشعبہ اُردوپروفیسرمحمدریاض احمدبھی شامل تھے۔اس موقعہ پرمعززشخصیات کے ہاتھوں سُدھاجین کی تین کتب بعنوان ”شاعری،دیوانگی اورزندگی “(اُردوشاعری)، ”تیسری آنکھ“ (اُردوشاعری)اور”فن اورشخصیت “(ہندی )کااجراءکیاگیا۔اپنے خطاب میںپروفیسرقدوس جاوید نے شاعرہ ومصنفہ سدھاجین انجم کواُردواورہندی زبان میںاہم کتابیں تصنیف کرنے پرمبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ ان شعری مجموعوں کاسرسری جائزہ لینے سے ظاہرہوتاہے کہ سدھاجین انجم نے اپنی شاعری میں زندگی کی حقائق کوسمیٹنے کی شاندارکوششیں کی ہیں۔ انہوں نے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کوملک کامتحرک ترین شعبہ قراردیتے ہوئے صدرشعبہ اُردوپروفیسرمحمدریاض کی انتظامی صلاحیتوں وکاوشوں کوبھی سراہا۔اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسرندیم احمدنے سدھاجین انجم کے شعری مجموعوں کی خصوصیات کواُجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ اُردواورہندی زبانوں کی ترقی میں شاعری کے رول پربھی خیالات کااظہارکیا۔انہوں نے سدھاجین انجم کی تخلیقی صلاحیتوں کوسراہا اوراُمیدظاہرکی کہ وہ مستقبل میں بھی شاعری کے ذریعے سماج کوبہترسمت دینے کےلئے کام کرتی رہیں گی۔اپنے خطاب میں نامورصحافی سہیل کاظمی نے مصنفہ سدھاجین انجم کومبارکبادپیش کی ۔انہوں نے کہاکہ خواتین شاعرات نے بھی شاعری کوترقی دینے میں اپنانمایاں رول نبھایاہے۔انہوں نے کہاکہ سدھاجین انجم کی شاعری بہت ہی عمدہ اورقابل ستائش ہے۔سہیل کاظمی نے شعبہ اُردوکوپے درپے ادبی سرگرمیوں کے انعقادکےلئے بھی مبارکبادپیش کی اورہرممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیں صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدنے مہمانوں کااستقبال کرنے کے ساتھ ساتھ سدھاجین انجم کومبارکبادپیش کی ۔انہوں نے کہاکہ سدھاجین انجم کے شعری مجموعوں کوپڑھ کرنئی لکھنے والی لڑکیوں کوشاعری کی طرف راغب ہونے کےلئے تحریک ملے گی۔انہوں نے اُردوشاعری کے فروغ میں شاعرات کے رول پربھی خیالات کااظہارکیا۔بعدازاں شامِ غزل کاانعقادبھی کیاگیاجس میں سدھاجین انجم جوکہ غزل گلوکارہ بھی ہیں نے اپنی خوبصورت آوازمیں اُردوکی چندمعروف غزلیں پیش کرکے سامعین کومحظوظ کیا۔سامعین نے سدھاجین انجم کی صلاحیتوں کوسراہااوران کی طرف سے خوبصورت آوازمیں پیش کی گئی غزلوں کی خوب تعریف کی۔اس دوران نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرفرحت شمیم نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک اسسٹنٹ پروفیسرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی عبدالرشید منہاس نے پیش کی۔اس موقعہ پر طلبائ،اسکالرس،فیکلٹی ممبران کے علاوہ معززشہریوں ،ادیبوں بشمول عرفان عارف،فوزیہ مغل، گیتو،پروبھاجین، ششی متری جین، صائمہ قاضی، طارق ابرار، ڈاکٹرجگموہن ،پیارے ہتاش، لطف الرحمن آزادودیگران بھی موجودتھے۔