صوبہ جموں کے اُردوصحافیوں کی صلاحیت سازی

26 Nov 2021

”صوبہ جموں کے اُردوصحافیوں کی صلاحیت سازی“
شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں پانچ روزہ ورکشاپ کاآغاز
جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی اورقومی کونسل برائے فروغ اُردوزبان کے اشتراک سے جموں یونیورسٹی میں ”صوبہ جموں کے اُردوصحافیوں کی صلاحیت سازی“موضوع پرپانچ روزہ ورکشاپ کاآغازہوا۔اس دوران پروفیسرعقیل احمد ڈائریکٹر قومی کونسل برائے فروغ اُردوزبان نئی دہلی ،پروفیسرمنوج کماردھروائس چانسلرجموں یونیورسٹی ،سہیل کاظمی سینئرجرنلسٹ اورپروفیسرمحمدریاض احمد صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی ایوان صدارت میں شامل تھے۔افتتاحی تقریب کے صدارتی خطاب میں پروفیسرمنوج کماردھرنے کہاکہ اُردوصحافیوں کےلئے یہ ورکشاپ کافی معلوماتی اورانہیں اپنی تحریری وتکنیکی صلاحیتوں کوبہتربنانے کےلئے اہم ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اُردوزبان کوزندہ رکھنے اور جموں کے ثقافتی ورثے ،روایات اورتاریخ کوتحفظ دینے کےلئے صحافی اہم رول اداکرسکتے ہیں ۔پروفیسرمنوج دھرنے کہاکہ اُردوبرصغیرکی تاریخی زبان ہے اوراس کاجموں وکشمیرمیں بھی اہم مقام ہے۔انہوں نے کہاکہ اُردوہماری سماجی رابطے کی زبان ہے لیکن جس قدریہ عزت کی حقدارہے بدقسمتی سے اسے وہ عزت نہیں دی جارہی ہے جس طرح سے پہلے دی جاتی تھی ۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسرعقیل احمد،ڈائریکٹرقومی کونسل برائے فروغ اُردوزبان نے اپنے خطاب میں کہاکہ اُردوکوتحفظ دیناہماری اخلاقی ذمہ داری ہے اورصحافیوں کی صلاحیت سازی سے نہ صرف صحافت بلکہ مجموعی طورپر اُردوکوتحفظ ملے گا۔مہمان ذی وقارسینئرجرنلسٹ سہیل کاظمی نے کہاکہ اُردوصحافت نے جدوجہدآزادی میں کلیدی رول اداکیاہے اوراُردوایک عوامی زبان ہے ۔انہوں نے کہاکہ اُردوکوکسی مخصوص مذہب سے جوڑناناانصافی ہے۔اُردواخبارات ملک کی 18 ریاستوں اوریونین ٹیریٹریزمیں شائع ہوتے ہیں لیکن موجودہ وقت میں دیگرزبانوں کی طرح اُردوصحافت کوجدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنالازمی ہے اوریہ ورکشاپ اس حوالے سے اہمیت کی حامل ہے۔پروفیسرمحمدریاض احمد صدرشعبہ اُردونے استقبالیہ خطبے میں صوبہ جموں کے اُردوصحافیوں کوبہت سے مسائل کاسامناہے ۔انہوں نے کہاکہ اُردوصحافی بہت اچھاکام کررہے ہیں لیکن ان کی صلاحیتوں میں مزیدبہتری آئے گی تواس سے اُردوصحافت کے معیارمیں بھی بہتری آئے گی اوراُردوکی ترویج کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔افتتاحی تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹرفرحت شمیم نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس نے پیش کی۔ورکشاپ میں پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیاسے وابستہ افرادصحافیوں ،ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈپبلک ریلیشنزکے اہلکاران ،اسکالرس ،فیکلٹی ممبران اورمعززشہریوں بشمول خالدحسین ، اسیرکشتواڑی، خورشیدکاظمی ودیگران نے شرکت کی۔بعدازاں دواکیڈمک سیشن منعقدہوئے جن میں شاہنوازخان ،بیوروچیف نیوزنیشنل اورپروفیسرمحمدکاظم نے صحافت سے متعلق اہم موضوعات پرلیکچردیئے جنہیں شرکانے خوب سراہا۔