شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام جشن اُردوکاانعقاد
جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام پروفیسرگیان چندجین سیمی نارہال جموں یونیورسٹی میں یوم اُردوکے موقعہ پر جشن اُردوکااہتمام کیاگیا جس میں وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرمنوج کماردھر مہمان خصوصی تھے ۔اس دوران ایوان صدارت میں پروفیسرقدوس جاویدسابق صدرشعبہ اُردوکشمیریونیورسٹی ، پروفیسرشہاب عنایت ملک پرنسپل انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈفائن آرٹس جموں یونیورسٹی اورپروفیسرمحمدریاض احمد صدرشعبہ اُردو جموں یونیورسٹی شامل تھے۔اس موقعہ پرہمالین ایجوکیشن مشن راجوری کارسالہ ”دبستان ہمالہ“کااجراءبھی وائس چانسلرجموں یونیورسٹی کے ہاتھوں کیاگیا۔اس دوران رسالے کے مدیراعلیٰ مسلم وانی بھی موجودتھے۔جشن اُردوتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرمنوج کماردھرنے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کویوم اُردومنانے کےلئے مبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی تقریبات سے نوجوان نسل کوفائدہ پہنچتاہے اوراسی طرح کی تقاریب کالج سطح پرمنعقدہونی چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے مستفیدہوسکیں۔اس موقعہ پروائس چانسلرجموں یونیورسٹی نے ایک اُردونثری نظم بھی پیش کی جس کوشرکاءنے خوب سراہا۔اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسرقدوس جاوید ،سابق صدرشعبہ اُردوکشمیریونیورسٹی نے کہاکہ ڈاکٹرعلامہ محمداقبال کے یوم پیدائش پریوم اُردوکامناناخوش آئندبات ہے۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال ایک آفاقی شاعرتھے اوران کی اُردوزبان وادب کے فروغ کےلئے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک پرنسپل انسٹی چیوٹ میوزک اینڈفائن آرٹس نے یوم اُردوکی اہمیت کواُجاگرکیا اورکالج اساتذہ پرزوردیاکہ وہ نئی نسل کواُردوزبان وادب سے جوڑنے کےلئے کام کریں ۔انہوں نے یہ بھی بتایاکہ اس طرح کی تقریبات سے اُردوطلباءکوکس قدرفائدہ پہنچتاہے۔اس دوران یوم اُردوکے موقعہ پرمنعقدہ مذاکرے میں ٹی آررینہ ، اسیرکشتواڑی،خالدحسین، امین بانہالی، پیارے ہتاش ،ڈاکٹرچمن لعل ودیگران نے بھی حصہ لیااوریوم اُردوکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیںپروفیسرمحمدریاض احمدصدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کااستقبال اورشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کالج اساتذہ، اُردودُنیاکی شخصیات ،شعرائ، ادباءاوردیگرمہمانوں کویوم اُردوکی مبارکبادپیش کی ۔انہوں نے کہاکہ اُردوایک مشترکہ تہذیب وثقافت کی علمبردارزبان ہے ۔انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کی موجودہ دورمیں اہمیت پربھی خیالات کااظہارکیا۔اس دوران پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرفرحت شمیم نے پیش کی۔